سینٹ انتخابات ، قومی و چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ جاری ، تحریک انصاف کا خیبرپختونخواہ کے سوادیگر تمام صوبوں و وفاق میں بائیکاٹ کا اعلان

سینٹ انتخابات ، قومی و چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ جاری ، تحریک انصاف کا خیبرپختونخواہ کے سوادیگر تمام صوبوں و وفاق میں بائیکاٹ کا اعلان

سلام آباد، لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سینٹ انتخابات کے لیے قومی اسمبلی و چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ووٹنگ کا عمل شروع ہوگیاہے جو بغیر کسی وقفے کے شام چار بجے تک جاری رہے گا،قومی و چاروں صوبائی اسمبلیوں کو پولنگ سٹیشن کادرجہ دیدیاگیا، تحریک انصاف نے خیبرپختونخواہ کے علاوہ سینٹ الیکشن کا بائیکاٹ کردیا ، پنجاب اسمبلی میں پہلا ووٹ صوبائی وزیرطاہرخلیل سندھونے کاسٹ کیا۔ 
صبح نو بجے سینٹ انتخابات کے لیے چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں پولنگ کا آغاز کردیاگیاجس دوران 1,070اراکین خفیہ طریقے سے ووٹ دیں گے اور موبائل فون ، کیمرے سمیت کوئی بھی الیکٹرانک ڈیوائس پولنگ سٹیشن میں لے جانے کی اجازت نہیں ۔ 
پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے چیف پولنگ ایجنٹ اور صوبائی وزیرطاہرخلیل سندھو نے پہلاووٹ کاسٹ کیا، ایوان کے 338ارکان 30امیدواروں کا انتخاب کریں گے ۔ مسلم لیگ ن نے دعویٰ کیاہے کہ وہ اپنے گیارہ سینیٹرمنتخب کرائیں گے جبکہ پیپلزپارٹی کی کوشش ہے کہ وہ بھی ایک نشست یعنی ندیم افضل چن کو کامیاب کرانے میں کامیاب ہوجائیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز شریف ، پرویز رشید اور دیگر لیگی رہنماءپنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریامیں موجود ہیں جہاں لیگی اراکین اسمبلی کی نان چنے اور حلوہ پوریوں سے توازع کی جارہی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے اراکین اپوزیشن چیمبر میں موجود ہیں ۔ 
فاٹا اور اسلام آباد سے بھی سینٹ انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہوگئی ہے اور رات گئے جاری ہونیوالے صدارتی آرڈیننس کے مطابق اب فاٹا سے اراکین اسمبلی چار کی بجائے ایک ووٹ ڈالیں گے ، چار جنرل نشستیں ہیں جس کے لیے چھتیس امیدوار میدان میں ہیں ۔ یادرہے کہ 2002ءمیں پرویز مشرف دور میں لائے گئے آرڈیننس میں ایک امیدوار کو چارنام تجویز کرنے کا اختیار دیاگیاتھا۔ 
اسلام آباد میں ایک جنرل اور ایک خواتین کی مخصوص نشست ہے جس کے لیے مسلم لیگ ن کی راحیلہ مگسی اور ظفراقبال جھگڑا مضبو ط امیدوار تصور کیے جارہے ہیں ۔ 
کوئٹہ کے 65کے ایوان میں سے تیسرا حصہ اراکین اسمبلی میں پہنچ گئے ہیں اور الیکشن کمشنر بلوچستان سلطان بائے زئی چیف پولنگ آفیسر کی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ، بلوچستان سے سینٹ کی 12نشستوں میں سے سات جنرل اور پانچ خواتین اور ٹیکنوکریٹس کی ہیں ۔ ایف سی نے بلوچستان اسمبلی کی سیکیورٹی سنبھال لی ہے اور کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کا داخلہ بند ہے ۔ 
سندھ اسمبلی میں بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جہاں رکن اسمبلی خدابخش نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔ سندھ سے دو ٹیکنو کریٹ اور دوخواتین پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں ۔ 
پشاور میں خیبرپختونخواہ اسمبلی میں بھی پولنگ شروع ہوگئی ہے تاہم تفصیلات معلوم نہیں ہوسکی ، اسمبلی کے احاطے میں میڈیا کے داخل ہونے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ سیکیورٹی حکام کاکہناتھاکہ یہ پابندی وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی ہدایات پر لگائی گئی ہے ۔

Post a Comment